نئی دہلی،31؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندرمودی آج ایک بارپھر’من کی بات‘پروگرام کے ذریعے لوگوں سے روبرو ہوئے۔ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘کے ذریعے وہ ہر مہینہ کے آخری اتوار کو لوگوں سے مخاطب ہوتے ہیں۔اس دفعہ ’من کی بات‘ کے ذریعے وزیر اعظم مودی نے ریو اولپک میں گئے کھلاڑیوں کو نیک خواہشات پیش کی اور لوگوں سے بھی کہا کہ وہ اپنی خواہشات شیئرکریں۔وزیراعظم مودی نے آج اس پروگرام کے ذریعے حاملہ خواتین کے لیے ایک اسکیم کا اعلان کیا جس کے تحت اب وہ حاملہ ہونے کے بعد سے لے کر ہر مہینہ کی 9 تاریخ کو مفت ہیلتھ چیک اپ کروا پائیں گی۔یہ ہیلتھ چیک اپ سرکاری اسپتالوں میں ہوں گے۔مودی نے من کی بات پروگرام کے دوران کہا کہ کسی بھی معاشرے اور حکومت کے لیے ’سم بھاؤاورمم بھاؤ ‘سے بڑا کوئی منتر نہیں ہو سکتا، جو ہمیں روشن مستقبل کی طرف لے جاتے ہیں۔مودی نے کہا کہ اینٹی بایو ٹکس کی جو ادویات بازار میں فروخت ہوتی ہیں، اس کے پتے پر سرخ لکیر سے آپ کوانتباہ دیا جاتا ہے، آپ اس پر ضرور توجہ دیجئے۔اینٹی بایو ٹکس کا استعمال کیسے ہو، اس پر دھیان ضرور دیں۔اپنی تقریرمیں مودی نے کہاکہ ہم نے کیمپ قانون پاس کیاہے جو کہ ماحولیات کے لیے ہے، یکم جولائی کو 2.25کروڑ پودے لگائے گئے ہیں ۔رکشا بندھن پر بہنوں کو وزیر اعظم سیکورٹی بیمہ یوجنا یا جیون جیوتی بیمہ اسکیم پیش کر سکتے ہیں۔مودی نے کہا کہ مندر میں پرساد کے بدلے پودے دیں، درختوں کواولادکی طرح پالیں، ان کی حفاظت انتہائی ضروری ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں عدم تشدد، محبت، معاف کیجئے ، یہ الفاظ جب کان میں پڑتے ہیں تو گاندھی اور منڈیلا کے چہرے ہمارے سامنے ظاہر ہوتے ہیں۔
وزر اعظم مودی نے ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آنے والا دور ٹیکنالوجی کا دور ہوگا ، ٹیکنالوجی سب سے زیادہ مستعد ہے۔آئے دن ٹیکنالوجی میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے، آپ تکنیک کو پکڑ نہیں سکتے، اس سے آگے نکلنا ہے، ریسرچ اور ایجادات یہ ٹیکنالوجی کی جان ہیں، اگر تحقیق اورایجادات نہیں ہوں گی ، تو جیسے ٹھہرا ہوا پانی گندگی پھیلاتا ہے، ٹیکنالوجی بھی بوجھ بن جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی راتوں رات نہیں بنتے، بلکہ کڑی محنت اور جدوجہد کے بعد بنتے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی آپ مجھے ’نریندرمودی ایپ‘ پر کھلاڑیوں کے نام نیک خواہشات بھیجئے ، میں آپ کی نیک خواہشات ان تک پہنچاؤں گا۔گذشتہ ہفتے سابق صدر اے پی جے عبد الکلام جی کی برسی پر ملک اور دنیا نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔کلام جی کا نام آتا ہے تو سائنس، ٹیکنالوجی، میزائل مستقبل کے ہندوسان کی پوری تصویر ہماری آنکھوں کے سامنے گھوم جاتی ہے۔قابل ذکرہے کہ’ من کی بات ‘پروگرام میں وزیر اعظم مودی اہم مسائل پر اپنی بات رکھتے ہیں۔دوردرشن پر بھی اس پروگرام کو نشر کیا جاتا ہے۔وزیر اعظم نے اس پروگرام کا آغاز 3؍اکتوبر 2014کوکیا تھا اور یہ اب بھی مسلسل جاری ہے۔آج 22ویں بار وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پروگرام کے ذریعے اپنے خیالات کو شیئر کیا ۔پچھلی بار کے ’ من کی بات‘پروگرام میں وزیر اعظم 1975میں ہندوستان میں نافذ ایمرجنسی کو یاد کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے کلنک بتایاتھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت نے ہمیں بڑی طاقت دی ہے، لیکن 26؍جون 1975 ایک ایسا دن تھا جب ہندوستان میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ۔شہریوں کے سارے حقوق کو سلب کر لیا گیا اور ملک کو قیدخانوں میں تبدیل کر دیا گیا۔